آپ کو ووٹ بھاری دل سے دے رہا ہوں نواز شریف کا رانا محمود الحسن سے دلچسپ مکالمہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ انتخابات میں ووٹنگ کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار رانا محمود الحسن میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ نواز شریف جب ووٹ کی پرچی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پولنگ عملے کے پاس کھڑے ہوئے تو رانا محمود الحسن نے آگے بڑھ کر ان سے ہاتھ ملایا، اس پر نواز شریف نے ان سے پوچھا کہ’’ کیا حال ہے رانا صاحب ‘‘جواب میں رانا محمود الحسن نے کہا کہ سر آپ کا شکریہ۔ نواز شریف نے ان سے مزید کہا کہ ’’آپ کو ووٹ بھاری دل سے دے رہا ہوں، میرے دل پر بوجھ ہے۔‘‘ واضح رہے کہ رانا محمود الحسن طویل عرصہ مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہے تھے اور الیکشن سے پہلے جنوری 2024ء میں پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔