آرمی چیف کی ملاقات، دہشتگردی کا بھرپور جواب دینگے: صدر، سیاسی جماعت کے فوج پر الزامات تشویشناک
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ،چیف آف آرمی اسٹاف کی صدر مملکت کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ،چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا ،چیف آف آرمی اسٹاف نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی ،چیف آف آرمی اسٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا ،ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا،صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں، صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا ،صدر مملکت نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ،صدر مملکت نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا ،صدر مملکت نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ،صدر مملکت کا رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ، ،صدر مملکت کا قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ،صدر مملکت نے کہا کہ شہدائکا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور شہداء اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا ،ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سنگاپور کے کاروباری اداروں کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پراسیسڈ خوراک اور سی فوڈ میں سنگاپور کیلئے پائیدار رسد کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سنگاپور میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر رابعہ شفیق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ سنگاپور کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سنگاپور میں پاکستانی خوراک اور زرعی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع تلاش کئے جانے چاہیے، پاکستان پراسیسڈ خوراک اور سی فوڈ میں سنگاپور کیلئے پائیدار رسد کا ذریعہ بن سکتا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت سنگاپور بھیجنے، آئی ٹی اور زراعت میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے رابعہ شفیق کو بطور پاکستانی ہائی کمشنر تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔