وزیراعظم وژن کے مطابق تجارت کاروباری روابط مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور تبدیلی کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اورکوششوں کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق یو اے ای اور پاکستان کے درمیان تجارت اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بشام میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمریٹس ایئر لائن کی پہلی پرواز پی آئی اے کے پائلٹ نے اڑائی جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اعلی مثال ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عزت مآب مرحوم شیخ زید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے یو اے ای کے سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں جبکہ معاشی شعبہ میں ڈیجیٹلائزیشن کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے معیشت کی بہتری کے لئے مشترکہ روڈ میپ تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔ یو اے ای نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور تبدیلی کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اورکوششوں کوسراہا۔