بھٹو نے ملک کو آئین دیا، قاتل بے نقاب ہو گئے: پیپلز پارٹی
لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی45ویں برسی کے موقع پرخراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ قائد عوام کا عدالتی قتل کرنے والے آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھٹو نے آئین پاکستان کے تحت مظلوم و محکوم طبقات کو برابری کے حق کی ضمانت دی۔ انہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کی جغرافیائی سرحدوں کو محفوظ بنایا، انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو کو 44برس بعد انصاف ملنے پر گڑھی خدا بخش کے جلسے میں 14 اپریل کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کوقائد عوام کے فرمودات کے مطابق آگے بڑھائیں گے، بانی پاکستان پیپلز پارٹی نے محروم طبقات کو بولنے اوراقلیتوں کو دوھرے ووٹ کا حق دیا۔ بھٹو کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنوائیں گے،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پی پی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام تمام 26 اضلاع میں آج دعائیہ تقاریب ہوں گی۔ جن میں قائد عوام کی ملک و قوم کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی جائی گی۔ اپنے مشترکہ بیان میں پی پی وسطی پنجاب کے رہنماؤں عثمان ملک، رانا عرفان، چودھری اختر، میاں ایوب، ارشد جٹ اور خالد بوبی نے کہا ہمیں فخر ہے کہ آج بھٹو خاندان کی تیسری نسل پاکستان کی خدمت کر رہی ہے اور ہم اس کے کارکن ہیں۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد نے کہا کہ 4 اپریل 1979ء تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ اس دن عالم اسلام کو ایک عظیم لیڈر سے محروم کر دیا گیا۔