• news

فیسکو ریجن: 25 بجلی چور گرفتار، چک جھمرہ میں ڈیفالٹرز کا ریکوری ٹیم پر حملہ

فیصل آباد؍ لاہور  (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) فیسکو ٹیموں نے گھر گھر چیکنگ کے دوران مزید 25بجلی چور پکڑ لئے جن کو 44ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 17لاکھ 43ہزار سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ چک جھمرہ کے علاقہ برنالہ میں فیسکو کے نادہندہ بااثر مسلح افراد نے فیسکو کی ریکوری ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ملزموں نے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا اور روزہ دار اہلکاروں کو تشددکا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزموں نے فیسکو ٹیم سے سرکاری سامان چھینا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا  فیسکو سب ڈویژن چک جھمرہ نمبر ون کا ریکوری سٹاف عدیل ممتاز لائن سپرنٹنڈنٹ ون، شاہد عمران لائن مین سیکنڈ، رانا آصف نعیم لائن مین سیکنڈ، محمد رزاق بٹ لائن مین سیکنڈ اور عمران عالمگیر لائن مین ریکوری کے سلسلے میں برنالہ پہنچے اور لاکھوں روپے کے نادہندگان گل اصغر، خادم حسین، نذیر احمد وغیرہ سے فیسکو واجبات کی ادائیگی کے بارے میں پوچھا تو و ہ مشتعل ہو گئے اور اپنے دیگر ساتھیوں عثمان، اسد امین اور20کس نا معلوم مسلح افراد بمعہ ڈنڈے سوٹے، آتشیں اسلحہ بلوا لئے اور فیسکو کے اہلکاروں کو روزے کی حالت میں زدوکوب کرنا شروع کر دیا۔ ملزمان نے لائن مین سے حفاظتی سامان چھینا اور سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا۔  پولیس تھانہ چک جھمرہ  مقدمہ درج کرکے  ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید392 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 172 ملزمان کے خلاف مقدمات اور12 کو گرفتار کرا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن