پاکستان زرعی پیداوار میں ہالینڈکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا: محمد اورنگزیب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرخزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں ہالینڈکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوار و برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں ہالینڈکی سفیر ہینی ڈی رائز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے نیدرلینڈز کے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے مشترکہ اقدار و تعاون کی تاریخ پر مبنی دو طرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔