• news

مچلکے جمع کرائیں‘ باہر آئیں: جج احتساب عدالت کا فواد چودھری سے مکالمہ 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف جہلم تعمیراتی منصوبے میں خورد برد کے کیس میں مچلکے جمع نہ ہونے پر فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں15 اپریل تک توسیع کر دی۔ گزشتہ روز فواد چوہدری کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ ضمانت ہو گئی ہے آپ کی ؟ فواد چوہدری نے کہا کہ جی ضمانت ہو گئی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ مچلکے جمع کروائے ؟ کہاں ہائی کورٹ میں کروانے ہیں یا احتساب عدالت میں ؟ فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک آرڈر کا انتظار ہے۔ تحریری آرڈر ملے گا تو ہی مچلکے جمع کروائیں گے۔ فاضل جج نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مچلکے جمع کروائیں باہر آئیں، فواد چوہدری نے کہا کہ باہر تو خیر کیا ہی آنا وہ آپ کو پتہ ہے، فاضل جج مے کہا کہ کیوں اور بھی کوئی کیس ہے جس میں ضمانت نہیں ہوئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کیس بناتے کون سا وقت لگتا ہے۔ عدالت نے فواد چوہدری کے وکیل کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔ وقفہ کے بعد بھی فواد چوہدری کے ضمانتی مچلکے جمع نہ کروائے جا سکے جس پر عدالت نے فواد چوہدری کے جوڈیشل میں15 اپریل تک توسیع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن