• news

این ایل سی نے تجارت بڑھانے کیلئے اہم سنگ میل عبور کر لیا 

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے ملک میں علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لئے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ وسط ایشیا کے ایک اور اہم ملک تاجکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے این ایل سی نے مؤثر طریقے سے رسائی حاصل کر لی۔ ذرائع کے مطابق این ایل سی ٹرکوں پر مشتمل قافلہ 1400 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرتے ہوئے دارالحکومت دوشنبہ پہنچا اور این ایل سی کے ٹرکوں کے ذریعے آلوؤں کی کھیپ برآمد کی گئی۔ نیشنل لاجسٹک سیل کے ٹرکوں نے اوکاڑہ اور رحیم یار خان سے دوشنبہ تک کا سفر صرف سات دنوں میں طے کیا۔ انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت افتتاحی قافلے کی آمد پر دوشنبہ کسٹمز ٹرمینل ون پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی جن میں تاجک وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم، این ایل سی کے ڈائریکٹر جنرل فرخ شہزاد راؤ، پاکستانی سفیر محمد سعید سرور، محکمہ کسٹم کے حکام اور نمایاں تاجک تاجر شامل تھے۔ تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی معروف لاجسٹک آرگنائزیشن کی طرف سے زمینی نقل و حمل کے باضابطہ آغاز کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن