پی پی 124، لیگی امیدوار پیر قطب شاہ کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد
پیرمحل+ ننکانہ صاحب ( نامہ نگاران) حلقہ پی پی 124 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا معاملہ الیکشن کمشن نے لیگی امیدوار کی درخواست مسترد کردی جس سے تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پیرمحل کے صوبائی حلقہ پی پی 124میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار مخدومہ سیدہ سونیا علی رضا شاہ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا کو 6200 سے زائد ووٹوں کے واضح مارجن سے شکست دی۔ شکست خوردہ لیگی امیدوار نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دی۔ الیکشن کمیشن کے 3رکنی بینچ کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے فیصلہ سناتے ہوئے لیگی امیدوار کی دوبارہ گنتی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ دوسری جانب ننکانہ صاحب کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 133 میں کل 5 اپریل کو دوبارہ ووٹوں کی گنتی ہو گی۔ ریٹرننگ آفیسر نے 5 اپریل کو دوبارہ گنتی کیلئے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کردئیے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کے رانا محمد ارشد کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ان کی درخواست منظور کر لی ،آزاد امیدوار میاں محمد عاطف نے 45637 جبکہ رانا محمد ارشد نے 42080ووٹ حاصل کیے تھے۔