• news

اندراج مقدمہ کیلئے سماعت‘ رانا ثناء نے بانی پی ٹی آئی کو قتل کی دھمکیاں دیں: وکیل 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کو دھمکیاں دینے پر رانا ثناء اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر 5 اپریل تک سماعت ملتوی کر دی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ  رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو ٹیلیویژن شو میں دھمکی دی۔ جہاں جہاں شو نشر ہوا وہاں وہاں رانا ثناء اللہ کی دھمکی کو لوگوں نے سنا۔ جج طاہر عباس سِپرا نے ریمارکس دئیے کہ پولیس نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایاہے۔ پولیس کے مطابق ایف ائی اے کا کیس بنتا ہے۔ جس پر درخواستگزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پولیس کو کہاتھا کہ کیس ایف آئی اے کو ریفر کردیں۔ پولیس نے کہا اوپر سے آرڈر آئے گا تو درخواست کو دیکھیں گے۔ رانا ثناء اللہ مسلسل سوشل میڈیاز شو میں بیٹھ کر بانی پی ٹی آئی کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔رانا ثناء اللہ مختلف قتل کے اندر ملوث ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پر جب حملہ ہوا تو انہوں نے رانا ثناء اللہ کا نام لیا۔ بانی پی ٹی آئی اب سرکار کی تحویل میں ہیں۔ ان کی اہلیہ کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر کے قطرے ڈالے جارہے ہیں۔ جج طاہر عباس سِپرا نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک کی حاضری پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی فیصلہ نہیں دیا؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ کہاں سے فیصلہ ہوگا؟ ججز کو تو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ پرسوں آپ کی درخواست کو دیکھ لیتے، عید سے پہلے فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے پانچ اپریل تک سماعت ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن