واربرٹن دہشتگردی کیس‘ مزید 8 ملزموں کی ہائیکورٹ سے ضمانتیں منظور
واربرٹن (نامہ نگار) واربرٹن دہشت گردی کیس میں مزید 8 ملزموں کی ضمانتیں ہائیکورٹ نے منظور کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ 13ماہ قبل واربرٹن دہشت گردی کیس میں 17نامزد اور 800 نامعلوم ملزمان کے خلاف واربرٹن پولیس نے مقدمہ درج کر کے 88ملزمان کے چالان انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیے تھے، ان میں سے 50سے زائد ملزمان کی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور اور ہائیکورٹ سے ضمانتیں ہو چکی ہیں۔ گزشتہ روز بھی جسٹس باقر نجفی کی عدالت میں 11ملزمان نے ضمانتوں کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں، جن میں سے 2ملزمان کی ضمانتیں خارج ہو گئی جبکہ ایک ملزم نے ضمانت واپس لے لی اور8ملزمان محمد وقاص، ظہیر احمد، فرحان عرف فرحی، عالم گل خان، کاشف علی، محمد مبین، مجاہد علی اور شہروز کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ اس وقت بھی 30کے قریب ملزمان کوٹ لکھپت جیل میں بند ہیں۔