لاکھوں کے ڈاکے، 4 کاریں، 9 موٹرسائیکل چوری، مزاحمت پر ڈاکو نے شہری کو گولی مار دی
لاہور (نامہ نگار) ڈکیتی وچوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے مغلپورہ میں سلیم کی فیملی کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ روپے، زیورات اور موبائل فون، سبزہ زار میں صغیر اور اس کی فیملی کو یرغمال بنا کر 3 لاکھ 35ہزار روپے زیورات اور موبائل فون، نواں کوٹ میں نصیر سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، سول لائن میں علی حیدر سے 80 ہزار روپے اور موبائل فون، ڈیفنس کے علاقے میں طاہر سے 16ہزار روپے اور موبائل فون، نصیر آباد میں سراج سے10 ہزار روپے اور موبائل فون، سمن آباد میں کاشف سے 9 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر میں عابد سے6 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ چوروں نے کوٹ لکھپت میں شرجیل کے گھر سے ساڑھے 3 لاکھ روپے زیوارت اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ مصطفی ٹاؤن، ہنجروال، لیاقت آباد اور رائیونڈ سے 4 کاریں، لٹن روڈ سے رکشہ جبکہ مزنگ جوہر ٹاؤن، لوئر مال، ساندہ، مسلم ٹاؤن، قلعہ گجر سنگھ، غالب مارکیٹ اور کوٹ لکھپت اور شاہدرہ کے علاقوں میں سے 9موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں گارڈن ٹاؤن میں ڈولفن اہلکاروں نے مقابلے کے بعد ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو گولی مارنے والے ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ گارڈن ٹاؤن میں مسلح ڈاکو کار سوار شہری اسلم کو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ جسے کیمپس پل کے قریب ڈولفن سکواڈ نے روکنے کی کوشش کی تو ڈاکو نے ڈولفن سکواڈ پر بھی فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہوکر گرپڑا جسے پولیس نے گرفتار کر کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔