سٹاک مارکیٹ 660 پوائنٹس بڑھ گئی‘ ڈالر 21 پیسے سستا‘ سونا 2200 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحان غالب رہا۔ کے ایس ای 100انڈیکس میں 660.75پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 67756.04پوائنٹس سے بڑھ کر 68416.78پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 187.03پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس 30انڈیکس 22251.42 پوائنٹس سے بڑھ کر 22438.45 پوائنٹس پرجا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 44591.51 پوائنٹس سے بڑھ کر 45036.46پوائنٹس ہو گیا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 92 ارب 63کروڑ 43لاکھ 98ہزار 94روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 94کھرب 52ارب 72ہزار 870روپے سے بڑھ کر 95کھرب 44ارب 63کروڑ 44لاکھ 70ہزار 964روپے ہو گیا۔ انٹر بینک میں جمعرات کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گھٹ گئی جس کی وجہ سے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 278روپے پر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں21پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 279.98روپے سے گھٹ کر 279.77 روپے پر آ گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 2200 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 41 ہزار 100 روپے کا ہوگیا۔