• news

چیئر مین سینٹ کیلئے یوسف گیلانی کی نامزد گی کمیٹی قایم ، پی پی کے رابطے شروع

اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان پیپلز پارٹی نے سینٹ کے چیئرمین کے منصب کیلئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نامزد کرنے کے بعد اس منصب کو  یقینی بنانے کے لیے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جیسا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ نو منتخب ارکان سینٹ کا حلف لینے کے لیے ایوان کا اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ممکنہ طور پر یہ اجلاس عید سے پہلے بلانے کی تجویز بھی موجود ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے کمیٹی قائم کی ہے جو چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں اپنے امیدوار کی کامیابی کے لیے کام کرے گی۔ اس کمیٹی میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ، نوید قمر اور راجہ پرویز اشرف شامل ہیں۔ اس وقت سینٹ میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 24 ہے اور پی ایم ایل (ن) کے ارکان کی تعداد 19ہے۔ کے پی کے میں سینٹ کے الیکشن ہونے ہیں، پی پی پی کو امید ہے کہ ان کے دو مزید سینیٹر کے پی کے سے بھی آ جائیں گے۔ مسلم لیگ نون کی حمایت بھی اسے حاصل ہوگی۔ یہ کمیٹی ایم کیو ایم، جے یو آئی، اے این پی اور دیگر جماعتوں سے رابطے کرے گی، اور اپنے امیدوار کو واضح اکثریت سے چیئرمین سینٹ کامیاب کرانے کے لئے کام کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ پی پی پی کی کمیٹی خاص طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز سے رابطے کرے گی اور ان کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔  سینٹ  کے اجلاس کے لئے قانونی ماہرین سے رائے لی جا رہی ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد سینٹ کا اجلاس بلا لیا جائے گا۔ اور اس کے ساتھ ہی  چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے منصب کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن