بھٹو نے بتایا تھا قتل کیس جھوٹ ہے، سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پنڈی جیل
لاہور(نیٹ نیوز) سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی جیل مجید قریشی نے کہا ہے انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے قتل کیس کی حقیقت پوچھی تو انہوں نے بتایا تھا قتل کا کیس جھوٹ ہے، انہوں نے کسی کا قتل نہیں کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مجید قریشی نے کہا یہ امریکہ اور روس کی سازش تھی، وہ مسلم ورلڈ کا تھرڈ بلاک بنانا چاہتے تھے اور امریکہ اور روس اس کیخلاف تھے۔ مجید قریشی نے کہا بھٹو کو آخری ملاقات میں بینظیر بھٹو سے جنگلے کے باہر سے ہی ملنے دیا گیا تھا، بے نظیر کی آنکھوں میں آنسو تھے، ذوالفقار علی بھٹو کبھی اپنی بیٹی کا ماتھا چومتے، کبھی بوسہ دیتے، بے نظیر بہت رو رہی تھیں، یہ تکلیف دہ لمحہ بہت دیر تک جاری رہا۔