قائدِ عوام کا قتل صرف پیپلز پارٹی نہیں ملک کیخلاف سازش تھی، شیری رحمن
اسلام آباد(آئی این پی)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہا ہے کہ قائدِ عوام کا قتل صرف پیپلز پارٹی نہیں ملک کے خلاف سازش تھی۔سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو وژنری رہنما تھے، انہوں نے پاکستان کی سمت کی تشکیل میں اہم ترین کردار ادا کیا۔شیری رحمن نے کہا کہ رواں سال 45برس بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کو غلط قرار دیا گیا، اعلی عدالت نے تسلیم کیا کہ شہید بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں دیا گیا اور اس وقت کی عدلیہ نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ دستورِ پاکستان، جوہری توانائی، ملکی خود مختاری، سماجی و اقتصادی اصلاحات قائدِ عوام کے مرہونِ منت ہیں، قائدِ عوام نے عوام کے حقوق اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کی سیاست کی۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ذوالفقار علی بھٹو کی وابستگی اور قومی مفادات کی بلاخوف حفاظت آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔