پاکستان ولاہور ٹیکس بار وفد کی چیف کمشنر ایف بی آر سے ملاقات ،مسائل پر گفتگو
لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے وفد نے پاکستان ٹیکس بار کے عہدیداران کے ہمراہ چیف کمشنر ایف بی آر لاہور امجد فاروق،چیف کمشنر سعدیہ صدف گیلانی سے ملاقات کر کے مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ملاقات میں ایف بی آر چیف کمشنرز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کافیصلہ آنے تک ٹیکس دہندگان کو سیون ای پر نوٹسز فوری روکے جائیں ۔ کیونکہ جب تک سیون ای پر ابہام ختم نہیں ہوگا۔ ٹیکس پیئر اور ٹیکس پریکٹیشنر کوئی بہتر فیصلہ نہیں لے سکتے اورمعاملات عدالتوں میں چلے جائیں گے۔ تاجر دوست سکیم کا ایس آر او 420(1)2024 اور سیلز ٹیکس کے ایس آر او 350 (1) 2024 کے ایس او پیز اور رولز وضع کیے جائیں کیونکہ دونوں ایس آر اوز پر ٹیکس بارز اور چیمبرز کو تحفظات ہیں۔ جنہیںدور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ 2018 کے آڈٹ کیسزاورپی اوایس اور ریٹرن کے مسائل ابھی تک نہیں نمٹائے گئے۔40لاکھ سے زائد ٹیکس دہندگان پہلے ہی مشکل کا شکار ہیں اورتاجر دوست سکیم کے ذریعے 30لاکھ سے زائد تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے حوالے سے ابھی تک ایس او پیز اور رولز ہی وضع نہیں حالانکہ اس حوالے سے پہلے آگاہی مہم شروع کی جانی چاہیے تھی۔