لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل میں مزید 6 جج تعینات کر دیئے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ میں انتخابات کے نتائج سے متعلق الیکشن ٹربیونلز میں دائر اپیلوں کی سماعت کے لئے مزید 6 ججز تعینات کر دیئے گئے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی منظوری کے بعد رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پرنسپل سیٹ پر جسٹس شاہد کریم‘ جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس انوار حسین اپیلیں سنیں گے۔ بہاولپور بنچ میں جسٹس عاصم حفیظ‘ ملتان بنچ میں جسٹس راحیل کامران اور راولپنڈی میں جسٹس مرزا وقاص رؤف اپیلیں سنیں گے۔