عید سے قبل مہنگائی پھر سے بڑھنے لگی، 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں عید الفطر سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگیا جب کہ 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں پھر سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتے ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.96 فیصد اضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پربھی حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح کم ہوکر 29.45 فیصد ہوگئی ہے۔ پچھلے ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.09 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی اور اس سے پچھلے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں1.13 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ دو ہفتے مہنگائی میں کمی کے بعد پھر سے مہنگائی بڑھنا شروع ہوگئی ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کی 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 13 کی قیمتوں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ 22ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا، جس کے لیے مہنگائی کی شرح 33.30فیصد رہی۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ کے بارے میں جاری ہفتہ واررپورٹ (ایس پی آئی) کے مطابق حالیہ ہفتے میں چکن کی قیمت میں 2.99 فیصد،ٹماٹر کی قیمت میں11.93فیصد، پیاز کی قیمت میں 1.30 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں مٹن کی قیمت میں0.41 فیصد،بیف کی قیمت میں0.75 فیصد، روٹی کی قیمت میں 1.03فیصد،ٹاٹا چاول کی قیمت میں 0.14فیصد، پٹرول کی قیمت میں 3.45فیصد، لیڈیز سینڈل کی قیمت میں 12.52 فیصد، جینٹس سینڈلز کی قیمتوں میں 8.70 فیصد اور لانگ کلاتھ کی قیمت میں2.23 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس آٹے کی قیمتوں میں2.68 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں1.89 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 1.89 فیصد،ڈیڑل آئل کی قیمتوں میں1.18 فیصد، گڑ کی قیمتوں میں0.63 فیصد کمی ہوئی۔ ان کے علاوہ چینی کی قیمتوں میں0.41 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں0.26 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 0.25فیصد اور آلو کی قیمتوں میں 0.23 فیصد کمی ہوئی ہے۔