ججز خط، سوموٹو کیس کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط پر سوموٹو کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی۔درخواست سابق صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری سمیت دیگر پانچ وکلاء کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست گزاران عابد زبیری، شہاب سرکی، شفقت چوہان، منیر احمد کاکڑ، چودھری اشتیاق احمد خان اور طاہر فراز عباسی نے کیس میں فریق بننے کی استدعا کی ہے۔دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چھ ججز سے قبل جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی بھی الزام لگا چکے ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ فل کورٹ اجلاس یا سپریم جوڈیشل کونسل کا نہیں بلکہ چیف جسٹس اور انتظامی سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتظامیہ اور خفیہ اداروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکا جائے، اس معاملے کی بھرپور تحقیقات کی ضرورت ہے۔