• news

یوم القدس منایا گیا، مظاہرے، ریلیاں: مسجد اقصیٰ میں لاکھ سے زائد فلسطینیوں نے جمعہ پڑھا

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ملک بھرمیں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو ’’عالمی یوم القدس‘‘کے طور پر منایا گیا، ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بعد از نماز جمعہ ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے، ملک کے مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، خیر پور، سکھر، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ بھکر، رحیم یارخان، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو کوہاٹ، پارہ چنار، کوئٹہ، ڈیرہ مراد جمالی، گلگت، سکردو اور مظفر آباد میں ریلیاں، مظاہرے، ائمہ جمعہ والجماعت نے اپنے خطبوں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تقاریر کرتے ہوئے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایاسندھ میں عالمی القدس ریلی کراچی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی جس سے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کیا۔ لاہور میں نکالی گئی القدس ریلی اسلام پورہ سے شروع ہو کر اسمبلی ہال پر اختتام پذیر ہوئی، جسکی قیادت صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید علی اکبر کاظمی کر رہے تھے، شرکا نے امریکہ واسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیئے، ریلیوں کا اختتام دعائے وحدت کے ساتھ کیا گیا‘ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا کو یہ پسند ہے کہ مظلوم اٹھے اور ظالم کے خلاف احتجاج و فریاد بلند کرے، اسرائیل شکست خوردہ ہو کر جنگی کرائمز پر اتر آیا ہے، جنگ کے تمام تر محاذوں پر اسرائیل ہار چکا ہے‘ امریکہ ہمارے بچوں اور بیٹیوں کا قاتل ہے ہم فلسطینی عوام ظلم پر خاموش رہنے والے حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسرائیل کی تمام پروڈکٹس کا بائیکاٹ کریں، اسرائیل دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی جلد قیمت چکائے گا۔ اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا فلسطین کشمیر ہاتھ سے گئے تو عالم اسلام یرغمال بنے گا۔ عید پر قوم فلسطینی پرچم لیکر نکلے۔ غزہ دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن گیا‘ مسلمان حکمران بے حسی اور مجرمانہ روش اختیار کئے ہوئے ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں ایک لاکھ 20 ہزار فلسطینیوں نے جمعہ پڑھا۔ مسجد الحرام میں جمعہ کا روح پرور اجتماع ہوا جس میں دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن