• news

ای سی سی: سندھ، بلوچستان، پاسکو کیلئے 24 لاکھ ٹن گندم خریداری منظور

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)  اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے  سال 2024 کے دوران گندم کی خریداری کے ہدف کی منظوری دے دی۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی سمری منظور کرلی گئی۔ذرائع نے بتایاکہ  ای سی سی نے سال 2024 کے دوران گندم کی خریداری کے ہدف کی منظوری دی اور پاسکو، صوبہ سندھ اوربلوچستان کیلئے گندم کی خریداری کے اہداف مقرر کیے۔ذرائع کے مطابق ای سی سی نے گندم خریداری کیلئے کیش کریڈٹ لمٹ کی بھی منظوری دی  جبکہ گندم کی خریداری کیلئے 274 ارب روپے کیش کی منظوری بھی دی گئی، رقم بینکوں سے گندم کی خریداری اور اسٹاک کیلئے لی جائے گی۔ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا تھاکہ سندھ، بلوچستان اور پاسکو کیلئے 24 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گ جبکہ پاسکو کیلئے گندم کی خریداری کیلئے169 ارب روپے کے کیش کی منظوری بھی دی گئی۔دستاویز کے مطابق سندھ 100 ارب روپے سے 10 لاکھ ٹن گندم خریدے گا، بلوچستان 5.7 ارب روپے سے 50 ہزار ٹن گندم خریدے گا۔ای سی سی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا، تاحال اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا اور یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ ای سی سی کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ پاسکو کیلئے  3900 ،سندھ4000 ، بلوچستان کیلئے 4300 روپے من کا ریٹ  کی منظوری دی گئی ۔ 

ای پیپر-دی نیشن