وزیراعظم آج کمرشل فلائٹ سے عمرہ کیلئے جائینگے، سعودی ولی عہد سے ملاقات متوقع
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اہم بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف پہلے بیرون ملک دورے پر آج سعودی عرب جائیں گے وزیراعظم کمرشل پرواز کے ذریعے روانہ ہوں گے وزیراعظم اور وفد کے ارکان سفری اخراجات اپنی ذاتی جیب سے ادا کریں گے دریں اثناء وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف رمضان المبارک کے آخری ایام میں 6 سے 8 اپریل 2024 تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ امور، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، وفاقی وزیر اقتصادی امور اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشر یات بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے۔ وزیراعظم عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور مسجد نبوی میں نماز ادا کریں گے۔ وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں۔ پاکستان کے عوام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی احترام رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔