متروکہ وقف املاک بورڈ کا آپریشن :8ارب کی پراپرٹی واگزار
لاہور(نیوز رپورٹر)متروکہ وقف املاک بورڈ کا ملک بھر میں ناجائز قابضین کے خلاف بڑا آپریشن 8ارب روپے مالیت کی قیمتی پراپرٹی ناجائز قابضین سے واگزار کروالی گئی۔ بورڈ ترجمان کے مطابق سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے آپریشن کی نگرانی کی۔ٹرسٹ بورڈ نے FIA کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا کیخلاف جوائنٹ آپریشن کر کے ٹرسٹ بورڈکی8 ارب رو پے سے زائد کی ملکیتی قیمتی پراپرٹی واگزار کروانے کے بعد سربمہر سیل کر کے اپنے سکیورٹی اہلکار تعینات کر دئیے۔ ان قیمتی پراپرٹیز کو کراچی کے مختلف مقامات لسبیلہ چوک،سول ہسپتال کراچی اور سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر واقع ناجائز قابضین سے واگزار کروایا گیا۔ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے تفصیلی رپورٹ چیئرمین بورڈکو پیش کر دی۔ چیئرمین نے رپورٹ کو خوب الفاظ میں سراہا۔ سیکرٹری بورڈ کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر میں ٹرسٹ بورڈ کی قیمتی پراپرٹی پر قابض ناجائز قابضین کیخلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہیں گے اور ان کیخلاف بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔