قومی کرکٹرز کی مشقیں جاری، سکواڈ فائنل نہ ہو سکا، سلیکٹرز کل دوبارہ اکٹھے ہونگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا مشاورتی عمل مکمل نہ ہوسکا، سکواڈ کے اعلان سے قبل 7 اپریل کو سلیکٹرز کی ایک اور بیٹھک ہونے کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ کاکول میں جاری ہے۔کھلاڑیوںنے گزشتہ روز بھی مشقوں میں حصہ لیا۔سلیکٹرز نے قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابراعظم سے بھی مشاورت کی ہے۔کاکول اکیڈمی میں ابتدائی مشاورت کے بعد سلیکٹرز لاہور واپس آ چکے ہیں اور سکواڈ کے اعلان کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان سکواڈ کا اعلان 8 اپریل کو متوقع ہے اور اس سے پہلے حتمی اجلاس 7 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کا سکواڈ 17 یا 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، ہوم سیریز کی وجہ سے قومی سلیکشن کمیٹی کا زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینے کا پلان ہے۔ذرائع کے مطابق منتخب سکواڈ 14 اپریل کو اسلام آباد میں جمع ہوگا اور اسی روز نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان پہنچے گی۔یاد رہے کہ پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے کیوی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔