• news

لال سہانرا پارک میں درختوں کی کٹائی‘ 11 افسر تبدیل کر دیئے: مریم اورنگزیب

لا ہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لال سہانرا نیشنل پارک بہاولپور میں درختوں کی غیرقانونی کٹائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گریڈ20 کے چیف کنزرویٹر سمیت 11 افسروں کا تبادلہ کر دیا ہے۔ سیکرٹری فارسٹ اورمحکمہ انسداد رشوت ستانی کی ٹیم تحقیقات کے لئے بہاولپور پہنچ گئی ہے۔ یہ کارروائی 6 درجن سے زائد قیمتی اور نایاب درختوں کی کٹائی کی شکایت اور شواہد ملنے پر عمل میں لائی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم درختوں کی اقسام، تعداد، ملوث افراد اور دیگر عوامل کی مکمل تحقیقات کرے گی۔ اس حوالے سے آج یہاں جاری ایک بیان میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی، فروخت اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والے افسروں‘ اہلکاران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت پنجاب کے جاری احکامات کے مطابق گریڈ20 کے چیف کنزرویٹرخالد محمودکی خدمات ان کے محکمہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح گریڈ19 کے کنزرویٹرز منظور احمد، گریڈ 18 کے ڈویژنل فارسٹ افسر ندیم اشرف کوبھی ان کے محکمے میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔  لاہور تبدیل ہونے والے اہلکاروں میں گریڈ16کے آر ایف او حماد رضا، ممتاز حسین، گریڈ 11 کے محمد سعید، گریڈ 9 کے محمد شفیق، سہیل انور، نوید اختر، سجاد احمد اور عارف نیازی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن