• news

اٹھارہ لاکھ پاکستانی یو اے ای کی ترقی میں معاون کردار ادا کر رہے ہیں


 متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات تقریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے جو اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں- میڈیا کے نمائندگان سفارت خانے اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم میڈیا پرسنز اور کمیونٹی ممبران کے اعزاز میں افطاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
قونصل جنرل نے کہا کہ افطاری کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ انتہائی ضروری رابطے کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کے احسن اقدام کا حصہ ہے۔  متحدہ عرب امارات میں مقیم میڈیا کے نمائندوں اور کمیونٹی ممبران کا خیرمقدم کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے میڈیا کے مثبت اور موثر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سفارت خانے اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان رابطہ کا کردار نبھا رہے ہیں-
آپ کا کردار اہم پیغامات پہنچانے اور کمیونٹی کے اندر سے فیڈ بیک حاصل کرنے میں بہت اہم ہے جو ان کے مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔ حسین محمد نے کہا کہ یو اے ای تقریبا ً18 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے جو اس کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم واضح طور پر میزبان ملک کے شکر گزار ہیں کہ جس نے پاکستانیوں کی خدمات کو بروئے کارلاتے ھوئے تقریبا ً20 لاکھ خاندانوں کی روزی کا ذریعہ بننے کا موقع دیا-
قونصل جنرل نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم مقامی قوانین کی پابندی کریں، مقامی معاشرے کے اصولوں اور حکومتی پالیسیوں کا احترام کریں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی کی بہتر آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں جو یقینی طور پر بہتر تعمیل کا باعث بنے گا۔ پاکستانی سفارتخانہ ابوظہبی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن آفاق احمد اور قونصلیٹ اور سفارت خانے کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی.

ای پیپر-دی نیشن