• news

ڈکیتی، چوری کی متعدد وارداتیں، مزاحمت پر لڑکی سمیت 2 افراد قتل، ایک شدید زخمی

لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اورچوروں نے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ شاہدرہ میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے جواں سالہ لڑکی سمیت 2 افراد کو قتل اور ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا۔ شاہدرہ کے علاقے لاجپت روڈ پر دو ڈاکو شہروز بٹ کی دودھ دہی کی دکان میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی کر رہے تھے۔17 سالہ لڑکی انیقہ اپنے والد ذوالفقار مسیح کے ساتھ دودھ خریدنے آئی۔ دکاندار کے مزاحمت  کرنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر 24 سالہ شہروز بٹ اور 17سالہ انیقہ موقع پر جاں بحق جبکہ مقتولہ انیقہ کا والد ذوالفقار مسیح شدید زخمی ہو گیا۔ ڈاکو فائرنگ  کرتے ہوئے  فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، ڈاکوؤں نے جوہر ٹاؤن میں ذوالفقار کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5 لاکھ 19ہزار طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، سندر میں مصور اور اس کی فیملی سے3 لاکھ، طلائی زیورات اور موبائل فون، ریس کورس میں توقیر سے 70 ہزار اور موبائل فون، انارکلی میں عاصم سے 30 ہزار اور موبائل فون، شادباغ میں کاشف سے 75 ہزار اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں انور سے 60 ہزار اور موبائل فون، شادمان میں اسد سے 20 ہزار اور موبائل فون، گڑھی شاہو میں ساجد سے 15 ہزار موبائل لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن سے 3گاڑیاں جبکہ مسلم ٹاؤن، اچھرہ، نواں کوٹ، راوی روڈ، کاہنہ، لٹن روڈ، گرین ٹاؤن اور شاہدرہ سے 8موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔

ای پیپر-دی نیشن