تحریک انصاف کا سنی اتحاد کونسل سے اپنے ارکان واپس لینے کا فیصلہ
اسلام آ باد (آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سنی اتحاد کونسل میں ضم نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بلے کا نشان ملتے ہی اپنے تمام اراکین واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں گے۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل میں ضم نہ ہونے اور اپنے اراکین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بلے کا نشان واپس ملتے ہی ہم اپنی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے، ہم تحریک انصاف کے ووٹ اور سپورٹ سے جیتے ہیں، ہم پارلیمان میں نمائندگی بھی پی ٹی آئی ہی کی چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ معاہدے میں لکھا تھا کہ ہم واپس پی ٹی آئی جوائن کریں گے، ہمیں سرٹیفکیٹ کا انتظار ہے، سرٹیفکیٹ ملتے ہی ہم اپنی پارٹی دوبارہ جوائن کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا تحریک انصاف میں نہیں آئیں گے بلکہ وہ اپنی جماعت ہی میں رہیں گے، سنی اتحاد کونسل شاید مرجر نہ کرے، کیونکہ وہ وہ ایک مذہبی اور ہم ایک جمہوری جماعت ہیں، ہم اپنا پلیٹ فارم رکھیں گے۔