ایران کسی بھی وقت اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے، امریکی انٹیلی جنس: سزا ضرور دینگے، کمانڈر پاسداران
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی خفیہ اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کسی بھی وقت اسرائیل پر جوابی حملہ کر سکتا ہے۔ ایران، شام میں اپنے سفارتخانے پر حملے کا جواب دینے کو تیار ہے۔ رمضان ختم ہونے سے پہلے اسرائیلی سفارتی مرکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف سٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہئے تاکہ آپ کو نقصان نہ پہنچے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے مسلح افواج کو مکمل تیاری کا حکم دے دیا ہے۔ جمشیدی نے کہا امریکہ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ امریکی اہداف کو نشانہ نہ بنائے۔ اسرائیل جوابی حملے سے بچاؤ کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔ امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران اگلے ہفتے اسرائیل پر درجنوں ڈرون حملے کر سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے ممکنہ طور پر اسرائیلی سفارتی مرکز نشانہ بن سکتا ہے۔ امریکی اہلکار نے بتایا امریکہ ہائی الرٹ پر ہے۔ ایران کی طرف سے خطرات کا مقابلہ کرنے میں اسرائیل کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ 7 افسروں کی آخری رسومات کے دوران پاسداری انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے کہا اسرائیل ہمارے نشانے پر ہے۔ قونصلیٹ حملے کے بعد اسرائیل کو سزا ضروری ملے گی۔ مقتولین کی تدفین ٹی وی پر دکھائی گئی۔ شرکاء نے امریکہ اسرائیل مخالف نعروں پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ فلسطینی پرچم بھی پکڑے تھے۔