• news

ملک دشمن سی پیک ناکام بنانے کی کوشش کر رہے، امن خراب نہیں کرنے دینگے: وزیر اطلاعات

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہش مند ہے، خطے میں ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بشام واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کچھ افسروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ کچھ عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، ملک دشمن قوتیں سی پیک کو ناکام بنانے کی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں، کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ہماری حکومت آنے سے کاروباری افراد کے اعتماد میں اضافہ ہوا، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اچھی اور مثبت خبریں آئیں گی۔  پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ  عالمی جریدے اور ادارے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں مثبت تجزیہ پیش کر رہے ہیں۔ بلوم برگ اچھی شہرت کا حامل عالمی مالیاتی جریدہ ہے جس نے پاکستان میں مہنگائی اور افراط زر میں کمی اور شرح نمو میں اضافے کے حوالے سے مثبت پیشنگوئی کی ہے۔ گیلپ کے حالیہ سروے میں بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مقامی سرمایہ کاری میں مثبت پیشرفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز کوئی نہ کوئی ایسی رپورٹ آتی ہے جس کے اندر اس بات کے اشارے شامل ہوتے ہیں کہ پاکستان میں آنے والے وقتوں میں مہنگائی میں کمی ہو گی اور شرح نمو میں اضافہ ہو گا۔ شہباز شریف معاشی اصلاحات کی قابلیت رکھتے ہیں، انہیں مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کا وسیع تجربہ ہے۔ روپے کے استحکام سے معیشت میں استحکام آیا، سٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بھی مثبت خبریں آ رہی ہیں، نئے ریکارڈ بن رہے ہیں، کچھ عناصر وہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان سے  پھلتی پھولتی معیشت ہضم نہیں ہو رہی، وہ اپنے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بہت سے اجلاس منعقد کئے، وزیراعظم نے داسو واقعہ پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، انکوائری کمیٹی نے جب اپنی رپورٹ دی تو اس کی روشنی میں وزیراعظم نے کچھ افسروں کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کی، ان افسروں میں آر پی او ہزارہ ڈویژن، ڈی پی او اپر کوہستان، ڈی پی او لوئر کوہستان، ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کمانڈنٹ سپیٍشل سکیورٹی یونٹ خیبرپی کے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان افسران کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جائے گا اور پندرہ دن میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے معاملات کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ’’دی گارڈن اخبار‘‘ کی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مختلف ممالک کے اندر ماورائے عدالت قتل عام کی مہم کو اجاگر کیا ہے، اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی مذمت کی گئی ہے۔ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ان کے معالج کا بیان آ چکا ہے کہ بشریٰ بی بی صحت مند ہیں، طبی ماہرین بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے افواہوں کو رد کر چکے ہیں۔ انہیں سہولیات اور آسائشیں میسر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن