شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، پنجگور میں فورسز کے آپریشنز، 12 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے پنجگور میں بھی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھتے ہوئے۔ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور انہیں جہنم واصل کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے حملوں میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی گل محمد خان، کانسٹیبل نسیم گل اور دیگر پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پی کے پولیس دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔