بچیوں سے زیادتی کرنے والے ناسور، کرپشن کی سب سے زیادہ شکایات ایل ڈی اے سے آتی ہیں: مریم نواز
لاہور+مدینہ منورہ (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایل ڈی اے سٹاف کی مانیٹرنگ کا میکنزم وضع کرنے اور کچی آبادیوں کو ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ پلان میں ترجیحاً شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایل ڈی اے پراجیکٹس کے جائزہ اجلاس لاہور کی سسٹین ایبل سمارٹ سٹی میں تبدیلی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ 6 ارب روپے کی لاگت سے روڈ سٹرکچر میں بہتری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ واک ویز، مخصوص بائیک سائیکل لین، سنٹرل ری کریشن ایریا، ریڑھیوں اور سٹال کیلئے وینڈنگ ایریا مختص کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے ایونیو ون میں پائلٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کی ری سٹرکچرنگ کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایل ڈی اے کے سٹریٹیجک پالیسی یونٹ کو فنکشنل کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے رولز میں ترمیم، ون ونڈوز ٹرانسفر، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا نظام لانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ ایل ڈی اے یونیفارمڈ فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ایل ڈی اے پولیس سٹیشن بنانے اور لاہور میں 20 سڑکوں کو کمرشل کرنے کی تجویزپر غور کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ سب سے زیادہ کرپشن کی شکایات ایل ڈی اے کی آتی ہیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ریڑھی بانوں کیلئے ونڈنگ پوائنٹس بنائے جائیں، کسی کی ریڑھی نہ چھینیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمرشلائزیشن سے 20 ارب روپے کی آمدنی ہو گی۔ ایک سال میں مکمل طور پر پیپر لیس سسٹم لایا جائے گا۔ ڈرون کیمرے کے ذریعے تجاوزات کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے ویب سائٹ پر چھوٹے گھروں کے سٹینڈرڈ نقشے فراہم کرے گا۔ ماڈل تعمیراتی نقشے ایل ڈی اے سے منظور شدہ ہونے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہو گی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے کو ریونیو بڑھانے کے لئے نئے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ''کھیلتے رہیں ، جیتتے رہیں''۔ کھیلوں کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے۔ نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے کے لئے سپورٹس اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیل ہمیں نظم و ضبط سکھاتے ہیں۔ '' کھیلتا پنجاب'' پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں گراؤنڈ اور جمنیزیم کی تعمیر وبحالی کیلئے شعبہ تعمیر وبحالی قائم کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کیلئے 300 گراؤنڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ 2 سے بڑھا کر 4ارب روپے کر دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کھاریاں میں 13 سالہ طالبہ سے زیادتی اور بہاولنگر میں تیزاب گردی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ مریم نواز شریف نے تعلیمی ادارے میں سکیورٹی گارڈ کی جانب سے معذور بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بچیوں کی عصمت دری کے المناک واقعے میں ملوث افراد معاشرے کیلئے ناسور ہیں، تعلیمی ادارے میں ایسے گھناؤنے فعل سے سر شرم سے جھک گئے۔مدینہ منورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مریم نواز شریف نے مدینہ منورہ پہنچنے پر صدر مسلم لیگ ن مدینہ منورہ سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب میں سنہری پنجاب کا دورہ کیا جس میں سب کے حقوق اور ہر طبقہ فکر کے بلاتفریق ترجیحی طور پر کام ہوں۔ صحت، تعلیم، زراعت اور صفائی کے ساتھ فضائی آلودگی سے پاک اور سرسبز شاداب پنجاب اولین ترجیح ہے۔ مسلم لیگ کے منشور پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔ صحت کارڈ کو نئی اصلاح کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن اوورسیز کے مسائل حل کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے جاوید اقبال بٹ کی پارٹی سے دیرینہ وابستگی، بے لوث خدمت کا اعتراف کیا ہے۔