• news

ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت کو سپورٹ کرتے رہیں گے: قمر کائرہ  

گجرات (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اگرچہ حکومت کا حصہ نہیں مگر حکومت کے ساتھ اور ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی صدر جلالپورجٹاں ڈاکٹر فرحان میر کی زیر صدارت شاہ فارم ہائوس پر ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 45ویں برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈویژنل صدر آصف بشیر بھاگٹ، اعجاز سماں، صوبائی نائب صدر چوہدری اختر چھوکر، ڈویژنل صدر خواتین وزیر النساء ایڈووکیٹ، ضلعی صدر چوہدری ضیاء محی الدین، ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر زاہد ظہیر، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات عبدالرزاق سلیمی، ممبر پنجاب کونسل زاہد حسین سلیمی، میاں ودود ڈار، اصغر پسوال دیگر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنی پارٹی سیاست کو دائو پر لگا کر ملک کے مفاد میں فیصلے کیے کیونکہ ہمارا ملک پہلے اور پارٹی بعد میں ہے۔ ن لیگ کی حکومت کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کسی نے بندوق کی نوک پر نہیں کروایا بلکہ پیپلز پارٹی نے ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے فیصلہ کیا۔ ن لیگ حکومت سازی نہ کرتی تو ملک میں سیاسی عدم استحکام کا خطرہ اور مرکز میں دوبارہ الیکشن ہوتا نظر آرہا تھا مگر چاروں صوبوں میں حکومتوں کے قیام کے بعد اس الیکشن میں انتشار بڑھنے کا خدشہ تھا، اس لیے پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو حکومت سازی کی دعوت دی۔قمر زمان کائرہ نے مزید کہا ہے کہ گرتی ہوئی معیشت چھومنتر سے ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ قرض لے کر تنخواہیں دے رہے ہیں، ریلیف کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، پالیسیاں نافذ ہونے میں وقت لگتا ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی ہو گی۔ آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لئے بغیر کوئی آپریشن نہیں، آئی ایم ایف کی بات نہ مانیں تو چیزیں ہاتھوں سے نکل جائیں گی۔ پاک ایران گیس پائپ لائن پر امریکہ کو اعتماد میں لے کر کام شروع کریں گے۔ پی پی موجودہ حکومت کے ساتھ ہے مگر وجہ نہیں، مخلوط حکومتیں کمزور نہیں ہوتیں، حکومت مدت پوری کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن