وزارت تعلیم میں مغرب زدہ لوگ دینی و نظریاتی شناخت کے خاتمہ میں مصروف :لیاقت بلوچ
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے وفاقی وزارت تعلیم کی طرف سے سکولوں کے بچوں اور بچیوں سے ڈانس کروانے اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے نوٹیفکیشن کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ تعلیم جیسے مقدس فریضہ کو ڈھول دھمکوں اور بے ہودہ اچھل کود سے پورا نہیں کیا جاسکتا۔ وزارت تعلیم میں بیٹھے مغرب زدہ لوگ پاکستان کی دینی و نظریاتی شناخت کو ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔حکومت کواس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر اس کے سدباب کیلئے اقدامات کرنا ہونگے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر وزارت تعلیم نے اس کو فوری طور پر معطل نہ کیا تو ملک بھر میں اس کیخلاف سخت احتجاج کیا جائے گا اور ان تمام عناصر کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا جو پاکستان کو ایک سیکولر اور لادین ریاست بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ کسی صورت بھی اسے برداشت نہیں کرسکتا اور نہ ہی والدین اپنے بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں تعلیم کے نام پر ڈانس کرنے کی اجازت دیں گے۔