جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری، حزب اللہ اور امل موومنٹ کے چھ ارکان قتل
تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر توپ خانے سے گولہ باریکی اور فضائی حملے کئے ۔ صہیونی فوج کی کارروائی میں حزب اللہ کے تین اور امل موومنٹ کے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ لبنانی فوج کے سپاہی سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فوجی ذرائع نے بتایاکہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے 8 قصبوں پر 10 فضائی حملے کیے اور اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے کے مشرقی، وسطی اور مغربی سیکٹرز کے 13 قصبوں پر تقریبا 75 گولے داغے ۔ذرائع کے مطابق قصبے عیتا الشعب پر حملے میں حزب اللہ کے دو ارکان ہلاک اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔ قانا قصبے پر حملے میں حزب اللہ کا تیسرا رکن ہلاک اور دو شہری زخمی ہو گئے۔لبنان کے جنوب مشرقی قصبے جدیدہ میں امل موومنٹ کے ایک ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں امل موومنٹ کے 3 ارکان مارے گئے اور چوتھا زخمی ہوگیا۔ لبنان کے جنوب مشرقی قصبے کفر حمام میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں 6 شہری اور لبنانی فوج کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔ جنوب مشرقی لبنان کے قصبے کفر کلا میں ایک فوجی مرکز کے آس پاس کے علاقے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے میں لبنانی فوج کے متعدد کمروں اور فوجی اور سویلین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔جنوبی لبنان کے ایک سرکاری طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ 6 لاشیں اور 11 زخمیوں کو جنوبی لبنان کے سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ حزب اللہ نے اپنے تین ارکان کی موت پر اظہار افسوس کیا اور کہا یہ تین افراد القدس کی راہ کے شہید ہیں۔ امل موومنٹ نے بھی کہا کہ اس کے تین ارکان اپنا قومی اور جہادی فریضہ ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے عسکری ونگ نے متعدد میزائلوں سے اسرائیلی مقامات پر حملہ کیا ہے۔