کھنڈرات بنی ہیڈ بلوکی روڈ پر حادثہ، 3 مسافر جاں بحق، 15 زخمی
سرائے مغل+قصور (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) سالہا سال سے کھنڈرات بنی ہیڈ بلوکی روڈ پر بس الٹنے سے 3 افراد ہلاک اور15زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیصل آباد سے قصور جانے والی مسافر بس سالہا سال سے کھنڈرات بنی ہیڈ بلوکی روڈ پر گہرے کھڈے میں الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے جبکہ موقع پرجاں بحق ہونے والوں میں موڑکھنڈا کا رہائشی 37سالہ بابر اور موڑ کھنڈا کا رہائشی 60 سالہ محمد عاشق شامل ہیں جبکہ ایک نامعلوم شخص ہسپتال جا کر زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ زخمیوں میں 40سالہ محمد سعید، 20سالہ بلال، 32سالہ عرفان، 33سالہ شکیل، 52سالہ افتخار، 48 سالہ عباس حسین،37سالہ دوست محمد، 36سالہ برکت، 62سالہ عنایت علی، 30سالہ یاسر محمود، 38سالہ نجمہ بی بی، 45سالہ نعیم اصغر، 65 سالہ شریفاں بی بی اور دیگر شامل ہیں۔ زخمیوں اور بس میں سوار سواریوں نے ہیڈ بلوکی روڈ نہ بنانے اور بار بار جھوٹے افتتاح کر کے عوام کو بے وقوف بنا کر ووٹ لینے والے سیاستدانوں کو جھولیاں اٹھا اٹھا کر بد دعائیں دیں۔