عید کے دن سفاری پارک میں داخلے کی مفت سہولت ہوگی: مریم اورنگزبب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور سفاری زو میں لائن سفاری کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سفاری عید پیکج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کے روز اہل لاہور کو سفاری پارک میں مفت داخلہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو یہ عید کے بعد بھی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نائٹ سفاری کیلئے قائم ہٹس جلد کھول دی جائیں گی۔ مریم اورنگزیب نے ای سفاری کارٹ میں سالٹ رینج، ڈیئر سفاری، برڈ سفاری، اونڈیال سفاری اور دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویٹرنری کمپلیکس، برڈ ہیچریز، معلوماتی بورڈز آویزاں کرنے، الیکٹرک کارٹس کو سسٹمائز کرنے اور گزرگاہوں پر سپیڈ لمٹ بورڈ لگانے، فوارے، آرٹیفیشل مولڈز، واٹر پونڈز بنانے اور ماحول کو ڈسٹ فری بنانے کے لیے تین ماہ کی ٹائم لائن دی۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی صحت کے لیے فوری طور پر دو مزید ویٹرنری ڈاکٹرز جبکہ باقی جانوروں کے لیے الگ ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈ لائف سٹاف کو ٹیکنالوجی انٹروینشنز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہانگ کانگ ویٹلائن سنٹر، چین کے پانڈہ زو اور دیگر ممالک میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے سے تین ہاتھی منگوائے جا رہے ہیں جن کے لیے چار ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے۔ سفاری پارک وائلڈ لائف مرکز کو تین ماہ میں عالمی معیار کا سفاری بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چھانگا مانگا کے لیے ایکو ٹورزم پلان کا بھی جلد اعلان کریں گی۔