سانحہ گیاری سیکٹر کو 12 سال مکمل‘ شہداء کو قوم کا خراج عقیدت
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سانحہ گیاری سیکٹر کو 12 سال مکمل ہونے پر شہداء گیاری کو قوم نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 7 اپریل 2012ء کو بڑا برفانی تودہ سیاچین گلیشیئر میں فوجی یونٹ پر آ گرا تھا جس کے نتیجے میں این ایل آئی بٹالین ہیڈ کوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ وہاں موجود افراد میں سے کسی کو بھی زندہ نہیں نکالا جا سکا۔ فوجی یونٹ پر برفانی تودہ گرنے سے 129 فوجی جوان شہید ہو گئے تھے۔ غیر ملکی ریسکیو ٹیمز نے اس مشن کو ناممکن قرار دے دیا تھا لیکن پاک آرمی بالخصوص انجینئرز کور نے اس ریسکیو آپریشن میں بڑی دل جوئی اور جوان مردی سے اس مشن کو پایا تکمیل تک پہنچایا۔ شہداء کی یاد میں یادگار شہداء بطور مونیومنٹ سیاچن کی بلند و بالا چوٹی پر نصب کیا گیا۔ آج پوری قوم گیاری سیکٹر کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء گیاری کی عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔