ڈرگ فری پنجاب وژن نوجوانوں کو منشیات سے بچانا عزم ، پیچھے نہیں ہٹیں گے مریم نواز
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ویژن''ڈرگ فری پنجاب ''۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر منشیات استعمال اور بیچنے والوں کی خلاف مہم تیز کردی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں 17 روز میں دس ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے،4713 ملزم گرفتاراور4941ایف آئی آر درج ہوئے۔انسداد منشیات مہم کے دوران 3398 کلو چرس اور20کلو افیون برآمد ہوئی۔ساڑھے 17 کلو خطرناک ترین نشہ آئس بھی برآمد کرلی گئی۔انسداد منشیات مہم کے دوران 42 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی پکڑ ی گئی۔گزشتہ 24 گھنٹے میں پولیس اور دیگر اداروں کے 427 چھاپے مارے گئے،139 گرفتاراور173 ایف آئی آر درج ہوئی۔ایک ہی روز میں 102 کلو چرس کے علاؤہ آئس اور ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانا ہمارا عزم ہے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ علاوہ ازیں صحت کے عالمی دن کے موقع پرخصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہیلتھ ریفارمز اولین ترجیح ہے، عوام بھی صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ''صحت مند پنجاب '' وڑن کے تحت ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے۔پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کی جائے گی۔ پنجاب کا پہلا سرکاری محمد نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور میں تعمیر ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی شروع، ہوم ڈیلیوری بھی جلد شروع ہوگی۔ سرگودھا میں نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ 2500 بنیادی صحت یونٹس اور 300 دیہی صحت مراکز کی اپگریڈیشن شروع کر دی ہے۔ دور دراز علاقوں کے لئے32 فیلڈ ہسپتال کا آغاز کیا جارہا ہے۔ کچی آبادی کے رہائشیوں کیلئے 200 کلینک آن ویلز کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب میں تین میڈیکل سٹی بنانے کاہدف پورا کریں گے۔