بشام حملہ چینی انجینرز کی گاڑی بم پروف نہ تھی : خیبر پی کے حکومت کی دوسری رپورٹ وفاق کوارسال
پشاور (بیورو رپورٹ) بشام میں چینی انجینئرز کو لے جانے والی بس کے بم پروف نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے چینی انجینئرز پر خودکش حملے سے متعلق دوسری رپورٹ وفاق کو ارسال کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی جانچ پڑتال کی بنیاد پر بادی النظرمیں چینیوں کو لے جانے والی بس بلٹ پروف اور بم پروف نہیں لگتی، ہلاک ہونے والے چینی باشندوں میں ایک خاتون انجینئر بھی شامل ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کرلی گئی، جائے وقوعہ سے تھانہ بشام تقریباً 6 کلومیٹر جبکہ داسو ڈیم 77 کلومیٹر دور ہے۔ تباہ ہونے والی بس دوسری بس سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی۔ خودکش دھماکے سے متاثرہ بس 300 فٹ گہرائی میں جاگری۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے۔ خودکش بمبار کے زیراستعمال گاڑی کے ٹکڑے بھی حاصل کر لئے گئے ہیں۔