27ویں شب :دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں شان عظمت قرآن کانفرنس
لاہور(خصوصی نامہ نگار)رمضان المبار کے27ویں شب کے موقع پر دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں شان عظمت قرآن کانفرنس کاانعقاد کیا گیا جس میں نماز تراویح میں قرآن سنانے والے قاری اور سامع کو انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ کانفرنس میں مولاناارشد جاوید، پیرفاروق احمد، پروفیسر عابد علی نعیمی،حافظ عبداللہ حسن، عامر حسین قریشی،مولانا محمدامین نعیمی،حاجی عمران حسین،قاری مبشر احمد،مفتی تنویر احمد،مولانا اویس رضوی،مولانا عمررشید،حافظ احسان احمدسمیت عام الناس اورطلبہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ لیلۃ القدر کو طاق راتوں میں تلاش کرنا چاہیے۔ ہمیں زیادہ سے عبادات کرنی چاہیے۔قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کا ذمہ خود لیا۔قرآن کریم ایک ایسا معجزہ ہے کہ تمام مخلوقات مل کر بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ قرآن کی عظمت کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ یہ کتاب جس سرزمین پر نازل ہوئی اس نے وہاں کے لوگوں کو فرشِ خاک سے اوجِ ثریا تک پہنچا دیا۔ اس نیان کو دنیا کی عظیم ترین طاقت بنا دیا۔ قرآن کو جو لوگ مضبوطی سے تھام لیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو بلند کر دیتا ہے۔ وہ دنیا میں بھی عزت حاصل کرتا ہے اور آخرت میں جنت میں داخل ہو گا۔