ایسی کارروئی کرینگے اسرائیل کو اپنے کو اقدامات پر پچھتاواہوہوگا : ایران کی دھمکی
دمشق‘ تہران (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی)شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے بعد اسرائیل نے مختلف ممالک میں اپنے 28سفارتی مشن بند کر دئیے۔ ایک امریکی اہلکار نے برطانوی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے حملے کے جواب میں ایران خطے میں اسرائیل یا امریکی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے ممکنہ حملے کی تیاری کر رہا ہے تاہم ہم یقینی طور پر چوکنا ہیں۔ آئندہ ہفتے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ہو سکتا ہے، امریکا ہائی الرٹ ہے۔ اسرائیلی حکومت نے اپنے سفارت خانوں میں تیاری کا اعلان کیا اور مصر، اردن، بحرین، مراکش، ترکمانستان، انقرہ اور استنبول میں اپنے نمائندہ دفاتر کو خالی کرالیا۔ اسرائیلی ذریعے نے بتایا کہ اسرائیلی سفارتخانوں کے انخلا کی خبریں غلط ہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر یحیٰ رحیم صفوی نے کہا شام میں ہمارے قونصلیٹ پر حملے کے بعد اب اسرائیلی سفارتخانے محفوظ نہیں۔ اس ظالمانہ حکومت کا مقابلہ کرنا قانونی اور جائز حق ہے‘ ہمیں انتظار کرنا ہو گا۔ ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد بغیری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شام میں ایرانی قونصلیٹ پر حملہ اسرائیل کا خود کش مشن تھا۔ اسرائیل کو اس حملے کا جواب دیا جائے گا۔ ایران اپنے ردعمل کا وقت اور طریقہ کار منتخب کرے گا۔ ایران مناسب اور درست انداز میں جوابی کارروائی کرے گا۔ ایران ایسی جوابی کارروائی کرے گا کہ اسرائیل کو اپنے اقدامات پر پچھتاوا ہو گا۔