غزہ: جنگ بندی معاہدے پر اتفاق، فلسطین کی رکنیت درخواست پر سلامتی کونسل میں آج غور ہو گا
غزہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ این این آئی) اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کرنے سے باز نہیں آیا۔ نصیرات پر فضائی حملہ کرکے 6مظلوم فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت 185ویں روز بھی جاری ہے۔ عرب میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ مصر، قطر اور امریکا کی ثالثی میں مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی۔ معاہدے کے مرکزی نکات پر تمام فریقین کا اتفاق ہوا۔ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ حماس اور قطر کا ثالثی وفد قاہرہ سے روانہ ہوگیا۔ معاہدے کے حتمی نکات پر دو دن میں دوبارہ بات ہوگی۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے رفح میں زمینی آپریشن کی تیاری کے لیے فوج غزہ سے نکالی ہے۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔ مسجد اقصی میں گھس کر نمازیوں پرتشدد کرکے دو کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے خان یونس سے فوجی انخلاء کا اعلان کیا ہے۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت ٹیڈ روس نے کہا غزہ میں بچوں کی اموات انسانیت پر دھبہ ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا غزہ جنگ میں اسرائیل کیلئے برطانیہ کی حمایت غیر مشروط نہیں ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی رکنیت کی درخواست پر آج غور کیا جائے گا۔ خیال رہے فلسطینی اتھارٹی کو 2012ء سے اقوام متحدہ میں غیر رکن مبصر کا درجہ تو حاصل ہے لیکن رکنیت نہیں دی گئی۔ سلامتی کونسل کے 193 میں سے 140 رکن ممالک فلسطین کو تسلیم کر چکے ہیں۔