شہباز شریف، مریم نواز کی ملکی سلامتی، ترقی کیلئے دعائیں، بیت اللہ کے دروازے کھول کر زیارت کرائی گئی
لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) مریم نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچے۔ حرم شریف پہنچنے پر بیت اللہ کے دروازے کھول کر زیارت خاص کرائی گئی۔ مریم نوازشریف نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کرنے کی سعادت بھی حاصل کی۔ وزیراعظم شہبازشریف اور مریم نواز نے حرم پاک میں نوافل ادا کیے اور عمرہ کی تکمیل پر شکرانے کے نوافل ادا کیے۔ وزیراعلیٰ نے عمرہ کرنے کے بعد خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے ملک و قوم کی ترقی اور سالمیت کے لئے دعا کی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے بھی خصوصی طور پر دعائیں کیں۔ دوسری جانب مریم نوازشریف نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور خضدار دھماکے میں قیمتی جانی ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیر محل میں ٹریفک حادثہ میں کمسن طلبہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔