• news

وزیراعظم کا وفد کے ہمراہ  دورہ سعودی عرب

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مابین مکہ مکرمہ میں ون آن ون ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز‘ وفاقی وزراء  محمد اسحاق ڈار‘ محمد اورنگزیب‘ عطا تارڑ اور اپنے وفد کے دیگر ارکان کے ساتھ سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور سعودی ولی عہد سے ون آن ون ملاقات کے علاوہ انکی خصوصی دعوت پر اپنے وفد کے ہمراہ افطار پارٹی میں بھی شرکت کی۔ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران تجارتی اور سرمایہ کاری امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی صحت دریافت کی اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ عمرہ کی ادائیگی کے دوران ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ عمرہ کے بعد وزیراعظم اور انکے وفد نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی اور کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کے حق میں دعا کی۔ باہمی ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف اور شہزادہ محمد بن سلمان نے دوطرفہ باہمی مراسم مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم اور انکے وفد کے ارکان اس دورے کیلئے سرکاری خزانے پر بوجھ ڈالنے کے بجائے پی آئی اے کا طیارہ چارٹر کراکے سعودی عرب آئے تاہم اس غیرسرکاری دورے کے باوجود سعودی عرب میں سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ان کا پرتباک استقبال کیا گیا اور انہیں اور انکے وفد کے ارکان کو سرکاری مہمانوں کا درجہ دیا گیا جو مسلم برادرہڈ کے ناطے سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ خصوصی لگاوٹ کا بیّن ثبوت ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ خلوص و محبت کے اٹوٹ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں اور ہر آزمائش کی گھڑی میں باہمی تعاوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ اس وقت پاکستان کو جن معاشی اور مالیاتی چیلنجوں کا سامنا ہے‘ ان سے عہدہ برا ہونے کیلئے سعودی عرب پاکستان کے کندھے سے کندھا ملائے کھڑا نظر آتا ہے جو انتہائی کم شرح پر خطیر رقم دیتا ہے اور اسکی واپسی کی مدت میں توسیع بھی کر دیتا ہے۔ اسی طرح سعودی عرب پاکستان کے توانائی کے بحران سے عہدہ برا ہونے کیلئے اسے ادھار تیل بھی فراہم کرتا رہتا ہے۔ اب سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا بھی ٹھوس عندیہ دیا جا چکا ہے۔ دونوں ممالک کا یہ باہمی تعاون درحقیقت پورے خطے کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی فضا سازگار ہونے کی نوید ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے پاک سعودی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن