آئین مساوات، رواداری، شخصی آزادی کی ضمانت: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے مزید ہدایت کی ہے کہ چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ نماز عید کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ عیدالفطر پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سینئر پولیس آفیسر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ امن عامہ کیلئے پولیس کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہئے۔ مریم نواز نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب پاکستان کے عوام کی طرف سے اعتماد کا ثبوت ہے۔ امید ہے یوسف رضا گیلانی اور سیدال خان قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مریم نواز نے یوم دستور پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم دستور منانے کا مقصد آئین کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ یوم دستور اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ آئین کی بالا دستی کوہمیشہ برقرار کھا جائے گا۔ 1973ء کا متفقہ آئین پارلیمانی تاریخ کا ایک بڑا اہم اور تاریخی واقعہ ہے۔ آئین کے بانیوں کے عزم اور استقلال کی بدولت قوم کو ایک جمہوری و پارلیمانی آئین ملا۔ آئین پاکستان جمہوریت، مساوات، رواداری اور شخصی آزادی کی ضمانت ہے۔ 1973ء کے آئین نے وفاقی اور صوبائی خود مختاری کو بھی نئی جہتوں سے ہمکنار کیا۔ 1973ء کا متفقہ آئین اسلامی معاشرے کے قیام اور بنیادی انسانی حقوق کا بھی علمبردار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب ٹیکس ڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکس ڈے منانے کا مقصد عوام میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے۔ عوام کا ٹیکس عوام کی امانت ہے۔ ٹیکس کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری ہے، شفافیت سے خرچ حکومت کا فرض ہے۔ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل امانت اور دیانت سمجھ کر صرف کرتے رہیں گے۔ حکومت کے تمام تر وسائل شفافیت کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کئے جارہے ہیں۔ پنجاب میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہر سطح پر کام کی ضرورت ہے۔