پاکستان کو مشکل صورتحال کا سامنا، حکومت لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے: ملالہ یوسف زئی کا وزیراعظم کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے محمد شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک دی۔ ملالہ یوسفزئی نے خط میں لکھا کہ پاکستان کو مستقبل میں مشکل صورتحال کا سامنا ہے، امید ہےآپ کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، حکومت کو پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہئے، گزشتہ دہائی میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کافی پیش رفت ہوئی۔ خط میں لکھا گیا ملالہ فاؤنڈیشن نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے ڈیڑھ کروڑ ڈالر فراہم کئے، پاکستان اس وقت جی ڈی پی کا 2 فیصد سے بھی کم تعلیم پر خرچ کر رہا ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان یہ شرح چار فیصد تک بڑھائے۔ ملالہ یوسفزئی نے مزید لکھا کہ حکومت اپنے پہلے سو دن کی ترجیحات میں لڑکیوں کی تعلیم پر زیادہ توجہ دے۔