سٹاک مارکیٹ: 70 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور، 694 پوائنٹس اضافے کیساتھ 70314 پر بند
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے عید الفطر کی طویل تعطیلات سے ایک دن قبل بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ منگل کو بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار کے ایس ای 100 انڈیکس 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے انڈیکس 69 ہزار 600 پوائنٹس سے بڑھ کر 70ہزار 300پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 77 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 97کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 51.27 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 694.73 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 69619.99پوائنٹس سے بڑھ کر 70314.72 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 221.49 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30 انڈیکس 22910.80 پوائنٹس سے بڑھ کر 23132.29 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 45697.19 پوائنٹس سے بڑھ کر 46041.99 پوائنٹس ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر کی کی قیمت فروخت 5پیسے کی کمی سے 278 روپے سے گھٹ کر277.95روپے رہ گئی۔ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر21پیسے گھٹ کر279.58وپے کی سطح سے گھٹ کر279.37روپے رہی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر 41پیسے کی تیزی سے 301.47روپے جبکہ45پیسے بڑھ کر برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت 351.84 روپے رہی۔ سعودی ریال 7پیسے گھٹ کر 73.83روپے رہا اور یو اے ای درہم 5پیسے کم ہو کر 75.87روپے رہ گیا۔ منگل کو مزید 1900 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد فی تولہ قیمت 2 لاکھ 47 ہزار 600 روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اسی طرح 10گرام سونا 1629 روپے مہنگا ہو کر سے 2 لاکھ 12 ہزار 277 روپے کا ہوگیا۔