فیسکو 36، لیسکو ریجن سے مزید 15 بجلی چور گرفتار: 22 لاکھ 19 ہزار جرمانہ
فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی ہدایات پر فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران مزید 36بجلی چور پکڑے گئے جن کو 57ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 22لاکھ 19ہزار سے زائد جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن سے213روزکے دوران کل 7249 بجلی چور پکڑے گئے ہیں جن کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 70لاکھ سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 76کروڑ 27لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پھر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر307 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے140 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 15 کو گرفتار کر لیا گیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 9 کمرشل، 2زرعی اور 296 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کر کے ان کو1 لاکھ 99 ہزار5 سو 85یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 67 لاکھ 24 ہزار26 روپے ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ اولڈ انارکلی کے علاقے میں کنکشن کو4 لاکھ 88 ہزار روپے، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں کنکشن کو 2لاکھ روپے، شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں ایک ملزم کو1 لاکھ 60 ہزار روپے اور مناواں میں ایک اور ملزم کو 99ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو204 روز مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دوران کل 71 ہزار 8سو 34ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 69ہزار 2سو 53 ملزموں کے خلاف مقدمات درج کروا کر29 ہزار 1 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک8 کروڑ 77لاکھ 48 ہزار 6سو6 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب30 کروڑ 42لاکھ 61 ہزار4 سو47 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔